پشاور میں بچوں کی لاشیں قبروں سے نکالنے کا مبینہ انکشاف، ایک ملزم گرفتار

پشاور (ویب ڈیسک) پشاور کے علاقے بڈھ بیر شیخان میں بچوں کی لاشیں مبینہ طور پر قبروں سے نکالنے کے معاملے میں پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزم مبینہ طور پر کافی عرصے سے بچوں کی لاشیں قبروں سے نکال رہا تھا، جسے مقامی افراد کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے متعلق مزید معلومات اور ان علاقوں کی تفصیلات بھی حاصل کرلی گئی ہیں جہاں وہ مبینہ طور پر یہ کارروائیاں کرتا تھا۔
دوسری جانب مقامی افراد کا دعویٰ ہے کہ گرفتار شخص افغان شہری ہے، تاہم اس حوالے سے پولیس کی جانب سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ ملزم سے مبینہ وارداتوں سے متعلق پوچھ گچھ جاری ہے۔



