سوئس تحقیق میں بکریوں کی غیرمعمولی ذہانت کا انکشاف

زیورخ(جانوڈاٹ پی کے)عام طور پر بکریوں کو عقل سے عاری تصور کیا جاتا ہے مگر اب انکشاف ہوا ہے کہ وہ تو واقعی بہت ذہین ہوتی ہیں۔
جی ہاں اگر جانوروں میں انسانی اشاروں کو سمجھنے کی بات کی جائے تو بکریاں اس حوالے سے سب سے آگے ہوتی ہیں۔
یہ دلچسپ دعویٰ سوئٹزر لینڈ میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آیا۔
زیورخ یونیورسٹی کی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ چھوٹے بچوں کی طرح بکریاں بھی کسی انسانی آواز کی سمت میں جاکر چیزوں کو تلاش کرسکتی ہیں۔
محققین نے بتایا کہ آسان الفاظ میں بکریوں کے لیے آواز کا تعاقب کرکے کھانا تلاش کرنا ممکن ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس طرح انسانی آواز کا تعاقب کرنے کی صلاحیت چیمنزیوں میں بھی دریافت نہیں ہوئی، البتہ کتوں میں ایسا دیکھا گیا ہے۔
اس بارے میں مزید جانچ پڑتال کے لیے محققین نے بکریوں پر تجربات کیے۔
انہوں نے 2 بالٹیوں کو مختلف جگہوں پر رکھا اور وہاں سے بکریوں کو پکار کر بلایا۔
ایک بالٹی میں کھانا واضح طور پر نظر آرہا تھا جبکہ محققین خود ایک اسکرین کے پیچھے چھپ کر آوازیں دے رہے تھے۔
29 بکریوں پر 12 بار یہ تجربہ کیا گیا اور انکشاف ہوا کہ وہ 60 فیصد بار آواز کا تعاقب کرکے کھانا ڈھونڈ لیتی ہیں۔
البتہ جب محققین خاموش رہتے تو بکریوں کی کھانا تلاش کرنے کی شرح 47 فیصد رہی۔
محققین کے مطابق نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ بغیر کسی تربیت کے بھی بکریاں کسی ایسے انسان کی آواز کا تعاقب کرسکتی ہیں جو ان کو نظر نہیں آرہا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ نتائج سے بکریوں میں آنے والی ایسی دماغی تبدیلیوں کا اشارہ ملتا ہے جس کے باعث وہ انسانوں کے ساتھ زیادہ مطابقت پیدا کرلیتی ہیں۔
اس سے قبل بھی تحقیقی رپورٹس میں دریافت کیا گیا تھا کہ بکریاں انسانوں کے ہاتھوں کے اشاروں کو سمجھ لیتی ہیں، انسانی آوازوں پر مختلف جذبات کا اظہار کرتی ہیں جبکہ منفی کی بجائے مثبت انسانی چہرے کو ترجیح دیتی ہیں۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل رائل سوسائٹی اوپن سائنس میں شائع ہوئے۔



