فیفا صدر جیانی انفانٹینو کے خلاف شکایت پر آئی او سی نے تحقیقات سے انکار کر دیا

نیویارک (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (IOC) نے فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو کے خلاف دائر شکایت پر تحقیقات کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق انسانی حقوق کی تنظیم فیئر اسکوائر نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ جیانی انفانٹینو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت میں بیانات دے کر اولمپک چارٹر میں درج سیاسی غیر جانبداری کے اصول کی خلاف ورزی کی۔
شکایت کا پس منظر فیفا کے اس متنازع فیصلے سے جڑا ہے جس میں امریکا کے فارورڈ فولارن بالوگن کی ریڈ کارڈ کے بعد ایک میچ کی خودکار پابندی کو 12 ماہ کے لیے معطل کر دیا گیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خود اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے اس معاملے پر جیانی انفانٹینو سے رابطہ کیا تھا۔ پابندی معطل ہونے کے بعد فولارن بالوگن بیلجیئم کے خلاف ناک آؤٹ میچ میں شریک ہوئے، تاہم امریکا کو 4-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
آئی او سی نے اپنے بیان میں کہا کہ فیفا کی اندرونی گورننس، حکومتی تعلقات اور کھیل کے قوانین پر عمل درآمد سے متعلق معاملات اس کے ضابطہ اخلاق کے دائرۂ اختیار میں نہیں آتے، اس لیے اس شکایت پر کارروائی نہیں کی جا سکتی۔
دوسری جانب ناروے فٹبال فیڈریشن نے بھی اس معاملے پر فیفا کی ایتھکس کمیٹی سے رجوع کرنے کے امکان پر غور شروع کر دیا ہے۔



