گلگت بلتستان انتخابات: پنجاب پولیس کے 5 ہزار اہلکار سکیورٹی کیلئے تعینات


لاہور (جانوڈاٹ پی کے) گلگت بلتستان انتخابات کے سلسلے میں پنجاب پولیس نے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے، جس کے تحت پنجاب پولیس کے پانچ ہزار اہلکار انتخابی ڈیوٹی انجام دینے کیلئے گلگت بلتستان روانہ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق سکیورٹی پلان کے تحت پنجاب پولیس کے مختلف ونگز کے اہلکار تعینات کیے جا رہے ہیں، جن میں آر ایم پی ونگ کے 1500 اہلکار، پنجاب کانسٹیبلری کے 1242 اہلکار، ہائی وے پٹرولنگ پولیس کے 1958 اہلکار جبکہ Lahore Police کی 300 لیڈی پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ انتخابی عمل کو پرامن اور شفاف بنانے کیلئے سکیورٹی فورسز کی بڑی تعداد تعینات کی جا رہی ہے، جبکہ اہلکاروں کی گلگت بلتستان منتقلی کیلئے ٹرانسپورٹ سمیت تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
پنجاب پولیس کے اہلکار پولنگ اسٹیشنز، حساس مقامات اور انتخابی سرگرمیوں کی سکیورٹی یقینی بنائیں گے تاکہ ووٹرز بلاخوف و خطر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکیں۔