بھارت کے گوتم اڈانی ایک بار پھر ایشیا کے امیر ترین شخص بن گئے، مکیش امبانی دوسری پوزیشن پر چلے گئے

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)بھارت سے تعلق رکھنے والے مکیش امبانی کافی عرصے بعد ایشیا کے امیر ترین شخص کے اعزاز سے محروم ہوگئے ہیں۔
مکیش امبانی کی جگہ بھارت کے ہی گوتم اڈانی ایک بار پھر ایشیا کے امیر ترین شخص بن گئے ہیں۔
بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق اڈانی گروپ کے بانی گوتم اڈانی 92.6 ارب ڈالرز کے ساتھ دنیا کے 19 ویں جبکہ ایشیا کے امیر ترین شخص بن گئے ہیں۔
اس کے مقابلے میں مکیش امبانی 90.8 ارب ڈالرز کے ساتھ اس فہرست میں 20 ویں نمبر پر ہیں۔
گوتم اڈانی نے 2023 کا آغاز 119 ارب ڈالرز کے ساتھ دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص کی حیثیت سے کیا تھا اور پھر دولت میں مسلسل کمی کے بعد نیچے چلے گئے۔
2024 سے وہ دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں کافی نیچے ہیں اور لگ بھگ 2 سال بعد مکیش امبانی ایشیا کے امیر ترین شخص کے اعزاز سے محروم ہوئے ہیں۔
اس سال کے دوران گوتم اڈانی کی دولت میں 8.1 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا جبکہ مکیش امبانی کی دولت میں 16.9 ارب ڈالرز کی کمی آئی۔
عالمی سطح پر ایلون مسک دنیا کے امیر ترین شخص ہیں جو 656 ارب ڈالرز کے مالک ہیں اور دوسرے نمبر پر موجود لیری پیج سے بہت زیادہ آگے ہیں جو 286 ارب ڈالرز کے مالک ہیں۔
اسی طرح ایمازون کے بانی جیف بیزوز 269 ارب ڈالرز کے ساتھ تیسرے امیر ترین شخص ہیں۔
اس سال اب تک فرانس کے برنارڈ آرنلڈ کی دولت میں سب سے زیادہ کمی آئی ہے جو 44 ارب ڈالرز سے محروم ہوچکے ہیں۔



