پٹرول کے بعد آٹے کی قیمت کو بھی پر لگ گئے

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے باعث شہریوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں، جبکہ ملتان میں آٹا 130 سے 135 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ملتان کے مختلف علاقوں میں 15 کلو آٹے کا تھیلا تقریباً 2 ہزار روپے میں دستیاب ہے، جبکہ بعض دکانداروں کی جانب سے اسی تھیلے کی قیمت 2 ہزار 100 روپے تک وصول کیے جانے کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔

آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے بالخصوص کم آمدنی والے طبقے کے گھریلو بجٹ کو شدید متاثر کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ اخراجات پہلے ہی پورے کرنا مشکل ہوچکا ہے، ایسے میں بنیادی ضرورت کی اشیا مہنگی ہونے سے مشکلات مزید بڑھ رہی ہیں۔

متاثرہ شہریوں کے مطابق یومیہ اجرت پر کام کرنے والے افراد کے لیے موجودہ مہنگائی کا مقابلہ کرنا انتہائی دشوار ہوگیا ہے۔ ایک شہری نے کہا کہ کبھی روزگار ملتا ہے اور کبھی نہیں، ایسے حالات میں 15 کلو آٹے کا تھیلا 2 ہزار روپے میں خریدنا مشکل ہوگیا ہے۔

شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا فوری نوٹس لیا جائے اور بنیادی غذائی ضرورت کی اس اہم شے کی قیمتیں کم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

مزید خبریں

Back to top button