وزیرآباد:دس روز گزر گئے،متعدد دیہات اب بھی سیلابی پانی میں محصور، فصلیں تباہ، کسان شدید پریشان

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے) مسلسل بارشوں اور سیلابی پانی کے باعث وزیرآباد کے نواحی علاقوں میں بدترین صورتحال برقرار ہے۔ سیلابی پانی کو جمع ہوئے دس روز سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے، تاہم جنڈیالہ ڈھاب والا، لنگیانوالی موڑ، اوجلہ اور گردونواح کے متعدد دیہات اب بھی پانی میں گھرے ہوئے ہیں۔ وسیع زرعی رقبے، آبادیاں، دیہی رابطہ سڑکیں اور گزرگاہیں زیر آب ہونے کے باعث معمولات زندگی شدید متاثر ہیں، جبکہ متاثرہ دیہات کے مکین گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران اختیار کی گئی نامناسب حکمت عملی، قدرتی برساتی نالوں اور پانی کے روایتی راستوں پر تعمیرات، آبی گزرگاہوں کی بندش اور نکاسی آب کے مؤثر انتظامات نہ ہونے کے باعث ہر سال صورتحال مزید سنگین ہوتی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق اگر قدرتی گزرگاہوں کو بحال نہ کیا گیا تو مستقبل میں مزید تباہ کن سیلابی حالات پیدا ہو سکتے ہیں۔متاثرہ علاقوں میں کئی روز سے کھڑا پانی تعفن پھیلانے لگا ہے، جس سے وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے۔ دوسری جانب ہزاروں ایکڑ پر کھڑی دھان، چارہ اور دیگر خریف فصلیں مسلسل پانی میں ڈوبی ہونے کے باعث تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہیں، جبکہ مویشی پال حضرات کو جانوروں کے لیے چارے کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ دیہی معیشت بری طرح متاثر ہو رہی ہے اور کسانوں کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔متاثرین نے حکومت پنجاب، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ہنگامی بنیادوں پر سیلابی پانی کی نکاسی، قدرتی آبی گزرگاہوں کی بحالی، متاثرہ دیہات تک رسائی کی بحالی اور کسانوں کے نقصانات کے ازالے کے لیے فوری عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ دیہی آبادیوں کو مزید مشکلات سے بچایا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button