ٹھٹھہ،رشتے کے تنازع پرخونریز تصادم،فائرنگ سے 4افراد زخمی

ٹھٹھہ(رپورٹ:جاوید لطیف میمن)ٹھٹھہ کے نواحی گاؤں بکیرا میں رشتے کے تنازعے نے ایک بار پھر خونی رخ اختیار کرلیا، جہاں اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو تشویشناک حالت میں فوری طور پر سول اسپتال ٹھٹھہ منتقل کردیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔گاؤں بکیرا کے رہائشی نوجوان رفیق ولد فقیر محمد نے تقریباً چھ ماہ قبل نسیما دختر رجب بکیرا سے پسند کی شادی کی تھی، جس کے بعد دونوں گھر سے چلے گئے تھے۔ اس واقعے پر لڑکی کے اہلخانہ نے رفیق اور اس کے خاندان کے پانچ افراد کے خلاف مقدمہ درج کروایا تھا، جبکہ کیس سیشن کورٹ ٹھٹھہ میں زیر سماعت تھا۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز سیشن کورٹ ٹھٹھہ نے مقدمے میں نامزد تمام افراد کو باعزت بری کردیا، جس پر فریقین میں کشیدگی مزید بڑھ گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ آج صبح بکیرا اسٹاپ پر ملزمان گل حسن اور اس کے بیٹے معشوق نے مبینہ طور پر مخالفین پر سیدھی فائرنگ کردی۔

فائرنگ کے نتیجے میں منظور، اسلم، شاہنواز سمیت چار افراد زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button