17سال بعد اسلام آباد ریسکیو کو بڑی خوشخبری،21جدید گاڑیاں کراچی پورٹ پہنچ گئیں

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے)اسلام آباد ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ کے لیے 17 برس بعد 21 نئی گاڑیاں کراچی پورٹ پہنچ گئی ہیں۔ جدید گاڑیاں چین سے پاکستان منگوائی گئی ہیں، جنہیں جلد اسلام آباد منتقل کردیا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کراچی پورٹ کا دورہ کیا اور اسلام آباد ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ کے لیے آنے والی نئی گاڑیوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہیں گاڑیوں اور ان میں موجود جدید سہولیات و صلاحیتوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
حکام کے مطابق نئی گاڑیاں 5 روز میں کراچی سے اسلام آباد پہنچ جائیں گی۔ ان میں 4 فائر ایریل ٹرک، 6 فائر ٹاورز اور 5 فائر ٹینکس شامل ہیں، جبکہ جدید ریسکیو گاڑیاں جدید آلات سے لیس ہیں اور 256 فٹ تک بلندی پر آپریشن کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد ریسکیو اور فائر بریگیڈ کے لیے نئی گاڑیوں کی پاکستان آمد خوش آئند ہے۔ ان کے مطابق نئی گاڑیوں کی شمولیت 2009 کے بعد ایک بڑا اضافہ ہے۔وفاقی وزیر داخلہ نے نئی گاڑیوں کی جلد فراہمی پر چین کی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جدید ریسکیو گاڑیاں اسلام آباد کے 6 اسٹیشنز پر ہمہ وقت دستیاب رہیں گی۔دورے کے موقع پر کسٹمز، سی ڈی اے، اسلام آباد انتظامیہ اور این ایل سی کے متعلقہ حکام کے نمائندے بھی موجود تھے۔



