فنانس بل سینیٹ میں پیش، قائمہ کمیٹی سے سفارشات طلب

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)سینیٹ اجلاس میں فنانس بل 2026 کی کاپی پیش کر دی گئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت سینیٹ اجلاس میں ہوا جس میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے فنانس بل 2026 کی کاپی سینیٹ میں پیش کی۔
فنانس بل 2026 کے ساتھ سالانہ بجٹ کھاتے بھی سینیٹ میں پیش کیے گئے۔
سینیٹر محمد اورنگزیب نے فنانس بل 2026 پر سینیٹ کی سفارشات قومی اسمبلی کو بھجوانے کی تحریک پیش کی جس پر چیئرمین سینیٹ نے ارکان سینیٹ کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ مالی سال سے متعلق اپنی سفارشات سینیٹ قائمہ کمیٹی فنانس کو پیر کے روز 15 جون تک پیش کریں جبکہ قائمہ کمیٹی فنانس اپنی سفارشات جمعے کے روز 19 جون تک ایوان میں پیش کرے گی۔
قائمہ کمیٹی کی جانب سے پیش کی جانے والی تجاویز کو آئین کے آرٹیکل 73 کے تحت منظوری کے لئے قومی اسمبلی کو بھجوا جائے گا۔
سینیٹ اجلاس پیر کے روز دوپہر ساڑھے بارہ بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔



