صوبوں کو توڑنے کے بجائے ان کے حقوق کا تحفظ کیا جائے،مولانا فضل الرحمان

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہےکہ ریاست ماں ہے تو ماں اپنی اولاد کو جوڑتی ہے، تقسیم نہیں کرتی، صوبوں کو توڑنےکے بجائے ان کے حقوق کا تحفظ کیا جائے۔
اسلام آباد میں سیرت رحمۃ للعالمین ﷺ و پیغام جمعیت کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ سیرت النبی ﷺ کے اجتماعات سے انسانیت کے لیے پیغام کو تازہ کیا جاتا ہے،کامیابی یا ناکامی ہماری ذمہ داری نہیں، محنت کرنا ہماری ذمہ داری ہے، ظلم و جبر کے مقابلے میں عدل و مساوات کا نظام رسول اللہ ﷺ کی تعلیم ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کو بائی پاس کرکے قانون سازی آئین اور جمہوریت کے لیے نقصان دہ ہے، ہر ادارےکے اختیار کی ایک آئینی حد اور دائرہ کار ہے، ملک کے نظام میں اداروں کے درمیان اختیارات کا توازن ضروری ہے، پارلیمنٹ میں ہماری آواز قوم تک نہیں پہنچنے دی جاتی۔
سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف حکمت عملی پر نظرثانی ضروری ہے، مرض بڑھتا جائے تو سمجھنا چاہیےکہ حکمت عملی میں نقص ہے، ریاست ماں ہے تو ماں اپنی اولاد کو جوڑتی ہے، تقسیم نہیں کرتی، صوبوں کو توڑنےکے بجائے ان کے حقوق کا تحفظ کیا جائے، صوبوں کے حقوق اور این ایف سی ایوارڈ میں کمی نہیں ہونی چاہیے، قوم، سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو تقسیم کرنےکی پالیسی ملکی مفاد میں نہیں۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آئین ختم ہوا تو ملک کو دوبارہ سمیٹنا انتہائی مشکل ہوگا، ہم آئین و پارلیمنٹ کو ان کے اصل راستے پر چلانا چاہتے ہیں، 18 ویں ترمیم اب حلق کا کانٹا بنی ہوئی ہے،کابینہ کا اختیار کسی اور کے پاس نہیں جاتا چاہیے۔



