فریال تالپور کی زیر صدارت اجلاس، سندھ میں منشیات کے خاتمے کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعلان

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر اور سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی چیئرپرسن فریال تالپور کی زیر صدارت سندھ اسمبلی بلڈنگ میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں امن و امان، منشیات کے خاتمے اور عوامی تحفظ سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سندھ پولیس، سی ٹی ڈی، اینٹی نارکوٹکس فورس، محکمہ تعلیم اور پولیس ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے حکام نے بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ منشیات کی اسمگلنگ اور بین الصوبائی ترسیل کی روک تھام کے لیے مختلف اقدامات جاری ہیں۔

حکام نے بتایا کہ حکومتِ سندھ کے تعاون سے کراچی میں تین جبکہ حیدرآباد اور سکھر میں ایک ایک ری ہیبیلیٹیشن سینٹر فعال ہیں جہاں منشیات کے عادی افراد کا مفت علاج اور بحالی جاری ہے۔

فریال تالپور نے ہدایت کی کہ منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے لیے مزید مراکز قائم کیے جائیں اور اداروں کے درمیان رابطہ کاری اور نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ منشیات کا مکمل خاتمہ قومی ایجنڈا ہونا چاہیے، اور اس کے لیے سول سوسائٹی، والدین، اساتذہ اور تمام طبقوں کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ منشیات فروشوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی جائے گی اور کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں ہوگی۔

فریال تالپور نے کہا کہ منشیات صرف افراد ہی نہیں بلکہ پوری نسلوں کے مستقبل کو تباہ کرتی ہیں، اس لیے اس ناسور کے خلاف مسلسل اور اجتماعی جدوجہد ناگزیر ہے۔

اجلاس میں صوبائی وزیر داخلہ و قانون ضیاء الحسن لنجار، وزیر ایکسائز مکیش کمار چاؤلہ، وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ، ارکان اسمبلی، سینیٹرز اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button