کراچی: جعلی پولیس مقابلے میں نوجوان کا قتل، اہلکار شہریار کو سزائے موت، 2 کو عمر قید

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) ماڈل کرمنل کورٹ ایسٹ نے گلستان جوہر میں جعلی پولیس مقابلے کے دوران نوجوان عامر کو قتل کرنے کے مقدمے میں جرم ثابت ہونے پر پولیس اہلکار شہریار کو سزائے موت سنا دی۔
عدالت نے شریک ملزمان پولیس اہلکاروں ناصر اور فیصل کو عمر قید کی سزا سنائی، جبکہ تینوں مجرموں کو مقتول کے ورثا کو 5، 5 لاکھ روپے بطور معاوضہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔
استغاثہ کے مطابق شاہین فورس کے اہلکاروں نے گلشن اقبال میں نوجوان عامر کو رکنے کا اشارہ کیا تھا، تاہم اس کے نہ رکنے پر پولیس اہلکاروں نے تعاقب شروع کر دیا اور ایک رہائشی فلیٹ میں داخل ہو کر اس پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں عامر ہلاک ہوگیا۔
پولیس اہلکاروں نے ابتدائی طور پر واقعے کو پولیس مقابلہ قرار دیا تھا، تاہم بعد ازاں معاملے کی تحقیقات کے بعد ملزمان کے خلاف سال 2022 میں تھانہ شاہراہ فیصل میں مقدمہ درج کیا گیا۔
عدالت نے مقدمے کی سماعت مکمل ہونے اور جرم ثابت ہونے پر مرکزی ملزم شہریار کو سزائے موت جبکہ دیگر دو اہلکاروں ناصر اور فیصل کو عمر قید کی سزا سنا دی۔



