ڈھوک ٹاہلیاں ڈیم میں مچھلیوں کی پراسرار ہلاکت، وفاق نے تحقیقات کا حکم دے دیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) ضلع چکوال کے ڈھوک ٹاہلیاں ڈیم میں بڑی تعداد میں مچھلیوں کی ہلاکت کا معاملہ وفاقی سطح پر پہنچ گیا، وزیرِ موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے فوری تحقیقات کا حکم دے دیا۔

وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پاکستان ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (EPA) کو ہدایت کی ہے کہ ڈیم کے پانی کے نمونے فوری حاصل کرکے ان کا تفصیلی تجزیہ کیا جائے اور جلد رپورٹ پیش کی جائے۔

مصدق ملک کا کہنا تھا کہ پانی کے معیار کی جانچ سے معلوم ہو سکے گا کہ مچھلیوں کی ہلاکت آلودگی، آکسیجن کی کمی، زہریلے مادوں یا کسی اور ماحولیاتی وجہ سے ہوئی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں مچھلیوں کی ہلاکت انتہائی تشویشناک ہے، معاملے کی شفاف اور جامع تحقیقات ضروری ہیں تاکہ اصل وجوہات سامنے آ سکیں۔

انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ تحقیقات جلد مکمل کرکے ذمہ دار عوامل کا تعین کیا جائے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات تجویز کیے جائیں۔

اس سے قبل ڈپٹی کمشنر چکوال سارہ حیات بھی واقعے کا نوٹس لے چکی ہیں، جبکہ اب وفاقی ماحولیاتی تحفظ کے ادارے کو بھی تحقیقات کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔

حکام کے مطابق ابتدائی طور پر مچھلیوں کی ہلاکت کی حتمی وجہ سامنے نہیں آ سکی، جس کا تعین لیبارٹری رپورٹ آنے کے بعد کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button