کوٹ ادو میں 3 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کرنے والا ملزم گرفتار

ملتان (جانوڈاٹ پی کے) کوٹ ادو میں تین سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کے الزام میں پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کر لیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے دل دہلا دینے والا قرار دیا ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم علاقے میں سبزی کی ریڑھی لگاتا تھا۔ الزام ہے کہ وہ بچی کو بہلا پھسلا کر اپنے ساتھ لے گیا اور اسے مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا۔

واقعے کا مقدمہ تحصیل سرور شہید کے علاقے چک نمبر 571 ٹی ڈی اے میں متاثرہ بچی کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق بچی گھر سے کھیلنے کے لیے نکلی تھی، تاہم واپس نہ آنے پر والدین نے اس کی تلاش شروع کردی۔ اسی دوران ایک گھر کے باہر سے بچی کے رونے کی آواز سنائی دی۔ مقدمے کے مدعی کے مطابق جب وہ موقع پر پہنچے تو ملزم مبینہ طور پر بچی سے زیادتی کر رہا تھا، جو انہیں دیکھ کر فرار ہوگیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سوشل میڈیا پر گرفتار ملزم کی تصویر جاری کرتے ہوئے واقعے کی مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزم کی عمر اور اس کا مبینہ فعل انتہائی افسوس ناک اور دل دہلا دینے والا ہے۔

مریم نواز کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کو ٹریس کرکے دو گھنٹے کے اندر گرفتار کرلیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button