بٹگرام: بجلی کی تاریں آبادی پر گرنے سے کرنٹ پھیل گیا، 2 نوجوان جاں بحق

بٹگرام (جانوڈاٹ پی کے) خیبر پختونخوا کے ضلع بٹگرام کے علاقے الائی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں بجلی کی تاریں اچانک آبادی پر گرنے سے علاقے میں کرنٹ پھیل گیا اور متعدد مقامات پر آگ بھڑک اٹھی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے میں دو نوجوان کرنٹ لگنے سے جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ کرنٹ پھیلنے کے باعث چار گھروں اور ایک مسجد میں بھی آگ لگنے کی اطلاعات ہیں۔
مقامی افراد نے فوری طور پر اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کیں اور آگ بجھانے کی کوشش کی، جس کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر بٹگرام کے مطابق ریسکیو ٹیمیں اور ضلعی انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی ہیں جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی ٹیکنیکل ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔



