لیسکو کا بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد افراد کے خلاف کارروائی شروع

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کی کنال روڈ سب ڈویژن نے مختلف علاقوں میں بجلی چوری کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے متعدد افراد کو مبینہ طور پر بجلی چوری میں ملوث پایا، جس کے بعد ان کے خلاف محکمانہ اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔
ایس ڈی او کنال روڈ سب ڈویژن کے مطابق مختلف مقامات پر ڈائریکٹ سپلائی کے ذریعے بجلی چوری کی جا رہی تھی، جبکہ بعض فلیٹس میں بھی غیرقانونی طریقے سے بجلی استعمال کرنے کے شواہد سامنے آئے۔
انہوں نے بتایا کہ بجلی چوری میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
لیسکو کے مطابق یہ آپریشن ایس ای سینٹرل سرکل جمشید زمان اور ایکسین اقبال ٹاؤن احمد بلال کی ہدایات پر کیا گیا، جبکہ بجلی چوری کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی بلاامتیاز جاری رکھی جائیں گی۔
لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے خاتمے اور لائن لاسز میں کمی کے لیے مختلف علاقوں میں خصوصی آپریشنز جاری ہیں، تاکہ بجلی کی منصفانہ فراہمی اور قومی وسائل کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔



