بجلی صارفین پر 32 ارب 66 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاری، نیپرا نے فیصلہ محفوظ کر لیا

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ستمبر کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی فی یونٹ 2 روپے 56 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔

درخواست منظور ہونے کی صورت میں کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین پر مجموعی طور پر 32 ارب 66 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ منتقل ہونے کا خدشہ ہے۔

سماعت کے دوران سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کے حکام نے بتایا کہ ستمبر میں بجلی کی اوسط فیول لاگت 10 روپے 2 پیسے فی یونٹ رہی، جبکہ اس کا تخمینہ 7 روپے 46 پیسے فی یونٹ لگایا گیا تھا۔

سی پی پی اے کے مطابق ستمبر کے دوران بجلی کی پیداوار پر مجموعی طور پر 127 ارب 87 کروڑ روپے لاگت آئی۔ مقامی کوئلے سے 7 ارب 95 کروڑ روپے، درآمدی کوئلے سے 37 ارب 14 کروڑ روپے، ڈیزل سے 13 ارب 26 کروڑ روپے، فرنس آئل سے 11 ارب 81 کروڑ روپے اور مقامی گیس سے 13 ارب 89 کروڑ روپے کی بجلی پیدا کی گئی۔

حکام کا کہنا تھا کہ ایل این جی کے ذریعے بجلی کی پیداوار پر 31 ارب 93 کروڑ روپے خرچ ہوئے، جبکہ ملک بھر کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) نے مجموعی طور پر 12 ارب 76 کروڑ یونٹ بجلی فروخت کی۔

دوران سماعت پاور ڈویژن کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ ستمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ 5 سے 6 روپے فی یونٹ تک بڑھنے کا خدشہ تھا، تاہم دو گھنٹے کی لوڈ مینجمنٹ سمیت مختلف اقدامات کے ذریعے اضافے کو 2 روپے 56 پیسے فی یونٹ تک محدود کیا گیا۔

واضح رہے کہ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے ستمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی 2 روپے 56 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست دائر کر رکھی تھی، جس پر نیپرا نے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button