پمز سانحے کے بعد پنجاب کے ہسپتالوں میں فائر سیفٹی اقدامات مزید سخت

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) پمز اسپتال اسلام آباد میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے کے بعد پنجاب میں ہسپتالوں اور طبی درسگاہوں میں آتشزدگی سے بچاؤ اور الیکٹریکل سیفٹی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی۔

محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے پنجاب کی طبی درسگاہوں اور ہسپتالوں کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے میڈیکل انسٹیٹیوشنز کے سربراہان سے 24 گھنٹے میں تصدیق شدہ تعمیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

مراسلے میں ہسپتالوں اور طبی درسگاہوں کو جنوری 2025 میں جاری کی گئی حفاظتی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ فائر سیفٹی اقدامات کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔

ہدایت کے مطابق ہسپتالوں کو تازہ الیکٹریکل لوڈ اسسمنٹ سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہوگا تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ منظور شدہ بجلی کا لوڈ ہسپتال کی موجودہ اور متوقع ضروریات کے لیے کافی ہے۔

مراسلے میں مقررہ مقامات پر واٹر ہائیڈرنٹس، فائر فائٹنگ آلات اور دیگر ضروری سامان کی مناسب دستیابی اور ان تک آسان رسائی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ صحت نے ہسپتالوں کو فائر فائٹنگ آلات کا باقاعدگی سے معائنہ اور دیکھ بھال کرنے کے ساتھ ساتھ ریسکیو 1122 کے تعاون سے طبی عملے کو آگ سے بچاؤ اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تربیت دلوانے کی ہدایت بھی کی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button