بجلی صارفین کے لیے بڑا فیصلہ! نیپرا نے نیٹ ورک چارجز یکساں کردیئے

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) بجلی صارفین کے لیے اہم پیش رفت سامنے آگئی، نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کے نیٹ ورک کے استعمال کی قیمت یعنی یوز آف سسٹم چارجز (UOSC) ملک بھر میں یکساں لاگو کرنے کا فیصلہ جاری کردیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق نیپرا نے اوپن ایکسیس صارفین کے لیے ویری ایبل گرڈ چارجز مختلف کیٹیگریز کے تحت مقرر کیے ہیں۔ نیپرا کے فیصلے کے مطابق بولی کے عمل میں حصہ لینے والے صارفین کے لیے ویری ایبل گرڈ چارجز 6.23 روپے سے 19.62 روپے فی یونٹ تک مقرر کیے گئے ہیں۔
فیصلے کے مطابق بولی کے عمل سے باہر رہنے والے اوپن ایکسیس صارفین کے لیے سٹرینڈڈ قیمت کے ساتھ گرڈ چارجز 19.17 روپے سے 32.56 روپے فی یونٹ تک مقرر کیے گئے ہیں۔
نیپرا نے ملک بھر میں بجلی کی ترسیل کے نقصانات کے حوالے سے بھی یکساں شرحوں کی منظوری دی ہے۔ فیصلے کے تحت 11 کے وی کے لیے 8.04 فیصد جبکہ 132 کے وی کے لیے 1.51 فیصد یکساں ترسیلی نقصان منظور کیا گیا ہے۔
نیپرا کے مطابق تمام فکسڈ گرڈ چارجز 1 روپے فی کلوواٹ ماہانہ کی بنیاد پر وصول کیے جائیں گے، جبکہ اضافی چارجز اوپن ایکسیس اور عام صارفین سمیت متعلقہ صارفین پر یکساں لاگو ہوں گے۔
ریگولیٹر نے وفاقی حکومت کو ہدایت کی ہے کہ فیصلے کا گزٹ نوٹیفکیشن 30 روز کے اندر جاری کیا جائے، تاکہ نئے چارجز کے نفاذ کا قانونی اور انتظامی عمل مکمل ہوسکے۔
دوسری جانب نیپرا نے تمام ڈسکوز کو آئندہ سال کے لیے یوز آف سسٹم چارجز (UOSC) کی درخواستیں فوری طور پر جمع کرانے کی بھی ہدایت کردی ہے۔
نیپرا کے اس فیصلے کو بجلی کے شعبے میں اوپن ایکسیس اور مسابقتی بجلی مارکیٹ کے نظام کی جانب ایک اہم ریگولیٹری پیش رفت قرار دیا جارہا ہے، تاہم مختلف صارفین پر اس کے مالی اثرات ان کی کیٹیگری اور بجلی کے استعمال کے طریقہ کار کے مطابق مختلف ہوسکتے ہیں۔



