الیکشن کمیشن نے 4 سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن ختم کر دی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)الیکشن کمیشن نے 4 سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن ختم کرتے ہوئے اس حوالے سے نوٹی فکیشنز جاری کردیے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کا سیاسی جماعتوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس دوران ای سی پی نے 4 مزید سیاسی جماعتوں کو ڈی لسٹ کردیا ہے۔
فیصلے کی تفصیلات کے مطابق سیاسی جماعتوں کو مختلف وجوہات کی وجہ سے ڈی لسٹ کیا گیا ہے اور چاروں سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن ختم کرنے کے نوٹیفکیشنز بھی جاری کردیے گئے ہیں۔
ای سی پی کی جانب سے جن سیاسی جماعتوں کو ڈی لسٹ کیا گیا ہے، ان میں ٹیکنالوجی موومنٹ پاکستان، عوامی جمہوری پارٹی پاکستان،ہم عوام پاکستان پارٹی اور پاکستان ریفارم پارٹی شامل ہیں۔
اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ان سیاسی جماعتوں کو انٹرا پارٹی انتخابات،سالانہ گوشوارے اور دیگر تقاضے پورے نہ کرنے پر ڈی لسٹ کیا گیا ہے۔ ان 4 سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن منسوخی کے بعد سیاسی جماعتوں کی تازہ فہرست جاری کردی گئی ہے، جس کے مطابق الیکشن کمیشن میں درج سیاسی جماعتوں کی تعداد کم ہوکر 164 ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی اور ٹی ایل پی بغیر کسی تنظیم کے فہرست میں موجود ہیں۔ الیکشن کمیشن اس سے پہلے پاک سرزمین پارٹی،استحکام پاکستان تحریک کو ڈی لسٹ کرچکا ہے جب کہ الیکشن کمیشن نے پاکستان جسٹس اینڈ ڈیمو کریٹک پارٹی سمیت 8 سے زائد سیاسی جماعتوں کو بھی ڈی لسٹ کیا ہے۔



