عام انتخابات سے قبل انتخابی قوانین میں اصلاحات کا فیصلہ، الیکشن کمیشن نے لیگل ریفارمز کمیٹی فعال کر دی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آئندہ عام انتخابات سے قبل انتخابی قوانین اور آئین میں تبدیلیوں کا فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے اپنی لیگل ریفارمز کمیٹی کو فعال کر دیا، لیگل ریفارمز کمیٹی میں الیکشن کمیشن کے اعلیٰ حکام سمیت تمام ونگز کے حکام شریک ہیں، کمیٹی موجودہ انتخابی قانون اور آئینی شقوں کا جائزہ لے گی۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی عام انتخابات 2024 میں سامنے آنے والی قانونی و آئینی خامیوں کا جائزہ لے کر اپنی سفارشات پیش کرے گی، الیکشن کمیشن انتخابی قوانین کو مؤثر اور جدید بنانے کیلئے قانونی فریم ورک کا جائزہ لے گا۔

الیکشن کمیشن آئین، الیکشن ایکٹ 2017 اور الیکشن رولز 2017 میں ضروری ترامیم کی تجاویز تیار کرے گا۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن انتخابی قوانین میں خامیوں کی نشاندہی کر کے متعلقہ فورمز کو سفارشات بھیجے گا، الیکشن ایکٹ 2017 اور الیکشن رولز 2017 کا جائزہ رواں برس دسمبر تک مکمل کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نئی قانون سازی پر تین ماہ کے اندر اپنی رائے دے گا۔

مزید خبریں

Back to top button