لاڑکانہ میں 38 سال پرانا ایدھی کیمپ اکھاڑ دیا گیا، ایدھی حکام کا شدید احتجاج، تحقیقات کا مطالبہ

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) لاڑکانہ شہر کے وسط میں قائم ایدھی فاؤنڈیشن کے 38 سالہ قدیمی کیمپ کے خلاف مقامی انتظامیہ کی جانب سے کی گئی کارروائی پر ایدھی حکام نے شدید برہمی اور تحفظات کا اظہار کیا ہے، ایدھی سینٹر لاڑکانہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر لاڑکانہ کی زیر نگرانی کاروائی میں ایدھی کیمپ کو اکھاڑ دیا گیا جبکہ موقع پر موجود ایدھی کے اکاؤنٹنٹ مختیار سومرو کو حراست میں لے کر پولیس موبائل میں تھانے منتقل کیا گیا،
بیان کے مطابق مذکورہ ایدھی کیمپ گذشتہ 38 برس سے لاڑکانہ شہر میں عوامی و فلاحی خدمات سر انجام دے رہا تھا اور ضرورت مند افراد کو مختلف سماجی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی تھیں، ایدھی حکام کا مؤقف ہے کہ کیمپ کے خلاف کارروائی کے دوران ادارے کے نمائندوں کو پیشگی طور پر آگاہ نہیں کیا گیا،
کاروائی کے بعد ایدھی سینٹر لاڑکانہ کے انچارج حاجی محمد سلیم آرائیں جائے وقوعہ پر پہنچے اور اپنے عملے سے معلومات حاصل کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایدھی ایک غیر سیاسی اور فلاحی ادارہ ہے جو کئی دہائیوں سے انسانیت کی خدمت کر رہا ہے اس طرح کی کاروائی سماجی خدمات میں رکاوٹیں ڈالنہ ہے،انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کر کے ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، دوسری جانب اس معاملے پر ضلعی انتظامیہ کا مؤقف تاحال سامنے نہیں آ سکا.



