ڈہرکی میں ارتھ ڈے کی پروقار تقریب ،ماڑی انرجیز کا ماحول دوست پیغام

ڈہرکی (رپورٹ: وجے کمار چاولہ\ جانوڈاٹ پی کے) عالمی یومِ ارض کے موقع پر ماڑی انرجیز کی جانب سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد ماحولیاتی تحفظ، شجرکاری اور عوامی شعور کو فروغ دینا تھا۔
تقریب کا اہتمام ماری انرجیز کے CSR اور HSE (ہیلتھ، سیفٹی اینڈ انوائرمنٹ) ڈیپارٹمنٹس کے اشتراک سے کیا گیا، جس میں کمپنی کے اعلیٰ افسران، ملازمین اور مقامی افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر پروڈکشن مینیجر سید ریاض حسین، لیفٹیننٹ کرنل (ر) نبیل حسن شاہ (ڈپٹی منیجر CSR) اور شفقت حسین میمن (CSR اسپیشلسٹ) بھی موجود تھے۔
تقریب میں بچوں نے خوبصورت ٹیبلو پیش کیے جن میں صفائی، درخت لگانے اور ماحول کے تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ شجرکاری مہم کے تحت پودے بھی لگائے گئے تاکہ علاقے کو سرسبز بنایا جا سکے۔
مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ارتھ ڈے ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ زمین ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، اور ہمیں مل کر اس کی حفاظت کرنی چاہیے تاکہ آنے والی نسلوں کو صاف اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے CSR اور HSE ڈیپارٹمنٹس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اسے پائیدار ترقی کی جانب اہم قدم قرار دیا۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ماحول کے تحفظ اور بہتری کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔



