شادی کی تقریبات کی پہلی جھلک،دعا لیپا کاعروسی لباس توجہ کامرکز

اٹلی (ویب ڈیسک) مشہور برطانوی گلوکارہ دعا لیپا اور اداکار کالم ٹرنر نے اپنی شادی کی تقریبات کی پہلی جھلک سوشل میڈیا پر شیئر کر دی، جس کے بعد تصاویر نے مداحوں کی بھرپور توجہ حاصل کر لی۔
گلوکارہ نے انسٹاگرام پر اپنی شادی کی تصاویر پوسٹ کیں، جن میں ان کا دلکش اور شاندار عروسی لباس نمایاں طور پر وائرل ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق شادی کی تقریب اٹلی کے جزیرے سسلی میں ایک تاریخی مقام پر منعقد ہوئی، جسے اس کی شاندار تعمیرات کے باعث “لٹل ورسائی” بھی کہا جاتا ہے۔
دعا لیپا نے اس موقع پر معروف فیشن ہاؤس شینل کا تیار کردہ خصوصی ہاؤٹ کوچر عروسی لباس زیب تن کیا، جس میں کرسٹل، پروں کی نفیس کڑھائی، لو بیک ڈیزائن اور دو میٹر لمبی ٹرین شامل تھی۔
رپورٹس کے مطابق اس لباس کی تیاری میں تقریباً 4 لاکھ 80 ہزار ہاتھ سے سلے ہوئے موتیوں کا استعمال کیا گیا، جبکہ 25 ہزار پروں سے اس کی آرائش کی گئی۔ اس کے ساتھ گلوکارہ نے 6 میٹر لمبا گھونگھٹ بھی اوڑھا جس پر باریک موتیوں کی کڑھائی کی گئی تھی۔
یہ شاہکار لباس پیرس میں شینل کے تاریخی ایٹیلیئرز میں تیار کیا گیا اور اسے مکمل کرنے میں تقریباً 1155 گھنٹے لگے۔
دعا لیپا اس سے قبل بھی فیشن ہاؤس شینل کے متعدد پروجیکٹس اور تشہیری مہمات کا حصہ رہ چکی ہیں، جس سے ان کا اس برانڈ کے ساتھ مضبوط تعلق ظاہر ہوتا ہے۔



