منشیات اور غیرقانونی اسلحہ کیس میں ملزمہ انمول عرف پنکی کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھجینے کا حکم

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں منشیات برآمدگی اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمات میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کو پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے ملزمہ کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ کے قبضے سے چرس کے دو پیکٹ سمیت دیگر منشیات برآمد ہوئی ہیں، جن کی مالیت پندرہ لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمہ کے خلاف تھانہ گارڈن میں منشیات اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمہ سے مزید تفتیش اور ممکنہ نیٹ ورک تک رسائی کے لیے چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے، تاہم عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزمہ کو عدالتی ریمانڈ پر جیل منتقل کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمات کی مزید تفتیش جاری ہے اور برآمد ہونے والے مواد کی فرانزک جانچ بھی کرائی جائے گی۔



