لاہور سے کراچی تک منشیات نیٹ ورک کا انکشاف، انمول عرف پنکی سے متعلق عبوری چالان عدالت میں جمع 

کراچی (جانوڈاٹ پی کے)پولیس نے عدالت کو بتایا ہے کہ کوکین اور دیگر مہلک منشیات کی مبینہ سپلائر انمول عرف “پنکی” ایک منظم بین الصوبائی نیٹ ورک چلا رہی تھی جو لاہور سے کراچی تک منشیات کی ترسیل اور فروخت میں ملوث تھا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں جمع کرائے گئے عبوری چالان کے مطابق 12 مئی 2026 کو گارڈن کے علاقے میں ایک فلیٹ پر چھاپے کے دوران بڑی مقدار میں کوکین، کیمیکلز، پیکجنگ مواد، موبائل فونز، اے ٹی ایم کارڈز اور اسلحہ برآمد ہوا۔

پولیس کے مطابق یہ فلیٹ صرف رہائش نہیں بلکہ منشیات کی تیاری، پیکجنگ اور ترسیل کا مرکز تھا۔ چالان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ملزمہ گزشتہ 16 سے 17 سال سے اس کاروبار سے منسلک رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ملزمہ نے مبینہ طور پر یہ نیٹ ورک اپنے سابق شوہر سے سیکھا اور بعد میں خود ایک علیحدہ منظم گروہ قائم کیا، جو مختلف شہروں تک پھیلا ہوا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لاہور سے کراچی منشیات کی ترسیل کے لیے مختلف خواتین اور افراد کو استعمال کیا جاتا تھا، جنہیں فی چکر 50 سے 60 ہزار روپے دیے جاتے تھے۔ ابتدائی طور پر یہ ترسیل بسوں کے ذریعے کی جاتی تھی جبکہ منشیات کھانے پینے کی اشیا میں چھپا کر منتقل کی جاتی تھیں۔

چالان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کراچی میں تقسیم کے لیے مختلف رائیڈرز کام کرتے تھے، جبکہ مالی لین دین کے لیے بینکنگ اور موبائل اکاؤنٹس استعمال کیے جاتے تھے۔

تفتیشی حکام کے مطابق ملزمہ کے موبائل فون سے مختلف افراد کے ساتھ رابطوں، چیٹس اور مبینہ مالی لین دین کے شواہد بھی ملے ہیں۔

پولیس نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ عبوری چالان منظور کیا جائے تاکہ مزید شواہد اکٹھے کر کے حتمی رپورٹ پیش کی جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button