ماتلی:بارن پولیس چیک پوسٹ پر چیکنگ کے دوران سفینا کے 28 ہزار 600 ساشے برآمد،2 سپلائرگرفتار

ماتلی(رپورٹ اے۔ایم۔گدی /جانو ڈاٹ پی کے ) منشیات اور مضر صحت نشہ آور اشیاء کے خلاف سخت ترین پالیسی اور زیرو ٹالرنس کے تحت ایس ایچ او تھانہ ماتلی انسپکٹر محمود احمد خان نے پولیس نفری کے ہمراہ بارن پولیس چیک پوسٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک کار سے سفینا کے 28 ہزار 600 ساشے برآمد کرکے کراچی کے سرجانی ٹاؤن سے تعلق رکھنے والے دو مبینہ بین الاضلاعی سپلائرز کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایچ او محمود احمد خان کی نگرانی میں پولیس نے بارن چیک پوسٹ پر چیکنگ کے دوران مشکوک کار کو روک کر تلاشی لی تو اس میں سے بڑی مقدار میں سفینا ساشے برآمد ہوئے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت کاشان ملک اور محمد صفدر راجپوت کے نام سے ہوئی ہے، دونوں کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن کے رہائشی اور بین الاضلاعی سطح پر سفینا سپلائی کرنے والے مبینہ ملزمان بتائے جاتے ہیں۔ ماتلی پولیس نے برآمد شدہ سفینا قبضے میں لے کر دونوں ملزمان کے خلاف تھانہ ماتلی میں مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ ایس ایچ او محمود احمد خان نے واضح کیا ہے کہ منشیات اور نوجوان نسل کو تباہ کرنے والی مضر صحت نشہ آور اشیاء کے کاروبار کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ایسے عناصر کے خلاف کارروائی کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button