امریکا کی 250ویں سالگرہ پر ٹرمپ کی تصویر والا یادگاری سکے کی تیاری شروع

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکی محکمہ خزانہ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا کی 250ویں سالگرہ کی تقریبات کے سلسلے میں امریکی صدر ٹرمپ کی تصویر والے ایک ڈالر کے یادگاری سکے ڈھالنے کا آغاز کردیا گیا۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق سکے کے ڈیزائن میں سامنے کی جانب صدر ٹرمپ کی تصویر کے ساتھ ’Liberty’، ‘In God We Trust‘ اور ’1776-2026‘ کے الفاظ درج ہوں گے، جبکہ پچھلی جانب صدارتی مہر سے لیا گیا عقاب کا نشان بنایا جائے گا۔
یہ ڈیزائن گزشتہ برس اکتوبر میں جاری کیے گئے ابتدائی مسودے میں تبدیلی کے بعد سامنے آیا ہے۔ اس سے قبل جاری کیے گئے ڈیزائن میں سکے کے پچھلے حصے پر ٹرمپ کی مٹھی بند کیے تصویر دکھائی گئی تھی اور اس کے گرد ’fight, fight, fight‘ کے الفاظ درج تھے، جو 2024 میں ان پر ہونے والے قاتلانہ حملے کی طرف اشارہ تھا۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق اس ڈیزائن پر قانونی سوالات بھی اٹھائے گئے ہیں۔ 1866 کے امریکی قانون کے مطابق کسی زندہ شخص کی تصویر امریکی کرنسی (نوٹوں) پر استعمال نہیں کی جا سکتی تاہم یہ قانون کاغذی کرنسی پر لاگو ہوتا ہے جو بیورو آف اینگریونگ اینڈ پرنٹنگ تیار کرتا ہے جبکہ سکے یو ایس منٹ تیار کرتا ہے۔
مزید برآں امریکی کانگریس نے 2020 میں ایک قانون منظور کیا تھا جس کے تحت 250ویں سالگرہ کے موقع پر ایک ڈالر کے سکے جاری کرنے کی اجازت دی گئی تھی تاہم اس میں زندہ شخص کی تصویر شامل کرنے کی ممانعت بھی موجود تھی۔
امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے فاکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ امریکا کی 150ویں سالگرہ کے موقع پر اس وقت کے صدر کالوِن کولیج کی تصویر بھی سکے پر شامل کی گئی تھی، انہوں نے کہا کہ ’لہٰذا ہم زندہ افراد کی تصاویر بھی سکے پر شامل کر سکتے ہیں‘۔
محکمہ خزانہ کے مطابق ان سکوں کی تیاری شروع ہوچکی ہے اور انہیں فلاڈیلفیا میں ڈھالا جارہا ہے۔



