ٹرمپ نے زرعی ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیے، ایران کو سویابین اور گندم بیچنے کا دعویٰ


واشنگٹن (جانو ڈاٹ پی کے) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے زراعت سے متعلق ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی انتظامیہ امریکی کسانوں کے لیے دنیا بھر میں نئی منڈیاں کھول رہی ہے، جن میں ایران بھی شامل ہے۔
وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو غذائی اجناس کی شدید ضرورت کا سامنا ہے، اس لیے ایرانی فنڈز کو گندم، سویابین اور مکئی کی خریداری پر جلد استعمال کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے امریکی کسانوں کو نئی برآمدی منڈیاں میسر آئیں گی، جبکہ ایران کی غذائی ضروریات پوری کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
امریکی صدر نے ایران کے جوہری پروگرام پر بھی سخت مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ اگر ایران کو جوہری ہتھیار مل گئے تو وہ انہیں فوری طور پر استعمال کر سکتا ہے، اس لیے امریکا کسی بھی صورت ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے سکتا۔