ضلع کونسل بدین کا 96 کروڑ 38 لاکھ روپے کا بجٹ متفقہ طور پر منظور

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو/ڈاٹ/پی کے)چیئرمین ضلع کونسل بدین جام علی اصغر ہالیپوتہ نے مالی سال 27-2026 کا 96 کروڑ 38 لاکھ 40 ہزار 422 روپے کا بجٹ پیش اور متفقہ طور پر منظور تفصیل کے مطابق چیئرمین ضلع کونسل بدین جام علی اصغر ہالیپوتہ نے خان بہادر میر غلام محمد ٹالپر ہال میں منعقدہ ضلع کونسل بدین کے بجٹ اجلاس کے دوران مالی سال 27-2026 کا بجٹ پیش کر دیا۔ بجٹ میں 28 لاکھ 56 ہزار 335 روپے کی بچت ظاہر کی گئی ہے بجٹ کے مطابق ضلع کونسل کی مجموعی سالانہ آمدنی کا تخمینہ 96 کروڑ 66 لاکھ 96 ہزار 757 روپے جبکہ مجموعی اخراجات کا تخمینہ 96 کروڑ 38 لاکھ 40 ہزار 422 روپے لگایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں 28 لاکھ 56 ہزار 335 روپے کی بچت متوقع ہے۔ گزشتہ مالی سال کا 24 کروڑ 56 ہزار 91 روپے کا اوپننگ بیلنس بھی بجٹ میں شامل کیا گیا ہے تفصیلات کے مطابق ریونیو آمدنی میں او زیڈ ٹی ٹیکس، فشریز، لوکل سیس ٹیکس، سیلز ٹیکس، غیر منقولہ جائیداد ٹیکس، ٹاور فیس، میلوں اور کرایہ جات سمیت دیگر مدات سے 69 کروڑ 98 لاکھ 74 ہزار روپے کی آمدنی کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جبکہ کیپیٹل آمدنی کی مد میں 2 کروڑ 67 لاکھ 66 ہزار 666 روپے رکھے گئے ہیں اخراجات میں ملازمین کی تنخواہوں، پنشن، ریٹائرڈ ملازمین کی کمیوٹیشن اور دیگر مراعات کے لیے 30 کروڑ 69 لاکھ 73 ہزار 772 روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ترقیاتی منصوبوں کے لیے 55 کروڑ 85 لاکھ روپے جبکہ نئے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 43 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ مستحق طلبہ کی اسکالرشپس کے لیے 25 لاکھ روپے، حکومتی اخراجات اور ریزرو اخراجات کے لیے 32 لاکھ 50 ہزار روپے، سماجی بہبود اور کھیلوں کے فروغ کے لیے ایک کروڑ روپے، قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے ایک کروڑ روپے جبکہ مختلف اقسام کی بقایاجات کے لیے ایک کروڑ 58 لاکھ 22 ہزار 865 روپے مختص کیے گئے ہیں اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ضلع کونسل بدین جام علی اصغر ہالیپوتہ نے کہا کہ مالی سال 27-2026 کا بجٹ عوامی مفاد، ترقیاتی منصوبوں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ عوام کی توقعات پر پورا اترے گا اور اس کے ذریعے ضلع میں ترقی اور عوامی خدمت کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کونسل کے معزز اراکین کی رہنمائی اور تعاون سے ضلع کی مزید ترقی کے لیے مشترکہ طور پر کام جاری رکھا جائے گا اجلاس کے اختتام پر ضلع کونسل بدین کا مالی سال 27-2026 کا سالانہ بجٹ متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا . اس موقع پر حزب اختلاف سے تعلق رکھنے والے ارکین ایڈوکیٹ میر حسن پھنور ، بشیر احمد نوتکانی ، پیر پپو شاہ، خورشید میمن اور دیگر نے اس سے قبل پیش ہونے والے بجٹ میں حزب اختلاف کو نظرانداز کرنے کی شکایت کرتے ہوئے کہا کہ ہم کو بھی عوام نے ووٹ دے کر اس ایوان میں اپنی نمائندگی کے لیے بھیجا ہے ، ترقیاتی کاموں میں ہم کو نظرانداز کرنا عوام کے ساتھ زیادتی ہے ارکین حزب اختلاف نے سرکاری محکموں میں جعلی بھرتیوں اور ملازمتوں کی خرید فروخت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بےروزگار نوجوانوں کے ساتھ ہونے والی زیادتی اور ناانصافی پر بھی احتجاج ریکارڈ کروایا ، ارکین ضلع کونسل نے اس موقع پر منشیات فروشی میں اضافہ ، ضلع کی نہری ٹیل اور ساحلی علاقوں میں پانی کی قلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے منشیات فروشی کے خاتمے ، نہری پانی کی قلت پر قابو پانے ، سرکاری محکموں میں حقدار نوجوان کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ، بجٹ اجلاس میں وائس چیئرمین ضلع کونسل فدا حسین میندھرو، چیف آفیسر ضلع کونسل اشوک کمار، ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر سرفراز سموں، ڈی ایس پی پیر شبیر، ڈپٹی انفارمیشن سیکریٹری حاجی میر ملاح اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی



