طلبہ کے مطالبات سنے جائیں،لوگوں کی آوازخدا کی آواز ہوتی ہے،دلجیت دوسانجھ کی بھارتی حکومت سے اپیل

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بھارتی گلوکاراوراداکاردلجیت دوسانجھ نے نئی دہلی کے جنتر منتر پر کاکروچ جنتا پارٹی کے زیرِ اہتمام ہونے والے طلبہ احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے حکومت سے مظاہرین کے مطالبات سننے کی اپیل کی ہے۔
دلجیت دوسانجھ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں حالیہ پارلیمنٹ مارچ کے دوران پولیس کارروائی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ جو ہوا، بہت برا ہوا، طلبہ کے ساتھ ایسا سلوک نہیں ہونا چاہیے تھا، میری حکام سے درخواست ہے کہ طلبہ کے مطالبات سنے جائیں، لوگوں کی آواز، خدا کی آواز ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی اپنے مؤقف کی وجہ سے مجھے ملک دشمن قرار دیا جاتا رہا ہے اور اس بار بھی میں اسی ردِعمل کی توقع رکھتا ہوں۔
دلجیت نے لکھا کہ مجھے پہلے بھی کئی بار اینٹی نیشنل کہا جا چکا ہے، اب بھی یہی کہا جائے گا، کسان تحریک کے بعد مجھے شدید تنقید اور قانونی مسائل کا سامنا کرنا پڑا، جن کے بارے میں آج بھی بات نہیں کر سکتا، باقی سب کچھ خدا دیکھ رہا ہے، وہی بہتر کرے گا۔
یاد رہے کہ یہ احتجاج مبینہ نیٹ (NEET) امتحانی پرچہ لیک اسکینڈل کے بعد بھارتی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کے مطالبے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
مظاہرین کا مؤقف ہے کہ اس اسکینڈل کے باعث متعدد طلبہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہوئے، جبکہ مختلف رپورٹس میں کم از کم 12 طلبہ کی خودکشی کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔



