وزیراعظم کی ہدایت پر اوورسیز پاکستانیوں کیلئے سفارتی خدمات ڈیجیٹل بنانے کا فیصلہ، QR کوڈ سسٹم مزید مؤثر ہوگا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو سفارتخانوں میں بہتر سہولیات کی فراہمی، دستاویزات کی تصدیق کے عمل کی مکمل ڈیجیٹائزیشن، شکایات کے نظام کو آسان بنانے اور بیرونِ ملک سے پاکستان میں مختلف امور اور ادائیگیوں کیلئے جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں وزارت خارجہ، مختلف ممالک میں تعینات پاکستانی سفراء، وزارت داخلہ، ایف آئی اے، وزارت آئی ٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں بہترین سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کیلئے پاور آف اٹارنی، جائیداد کی خرید و فروخت اور دستاویزات کی تصدیق کے عمل کو آسان بنانے کیلئے QR کوڈ سسٹم متعارف کرا دیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سفارتخانوں میں QR کوڈ نمایاں مقامات پر آویزاں کیے جائیں۔QR کوڈ کے ذریعے شکایات درج کرانے کے نظام سے متعلق خصوصی آگاہی مہم چلائی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ اوورسیز پاکستانی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ شہریوں کی سہولت کیلئے وزارت خارجہ اسلام آباد میں شام کی شفٹ شروع کی جا چکی ہے، جبکہ آسان خدمت مرکز اسلام آباد میں بھی دستاویزات کی تصدیق کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

مزید بتایا گیا کہ کورئیر کے ذریعے تصدیقی نظام متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ نادرا  اور ایچ ای سی  انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن اور نیشنل پولیس بیورو کے ڈیٹا بیس کو مربوط کر دیا گیا ہے، جس سے تصدیقی عمل مزید تیز اور مؤثر ہو گیا ہے۔

بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ اپوسٹائل  نظام کے تحت تصدیقی عمل کو ون اسٹاپ بنا دیا گیا ہے، جبکہ اگلے مرحلے میں پورے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے پر کام جاری ہے۔

اس مقصد کیلئے این آئی ٹی بی کے تعاون سے ایک موبائل ایپلیکیشن تیار کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے برتھ سرٹیفکیٹ، ڈیتھ سرٹیفکیٹ، میرج رجسٹریشن سرٹیفکیٹ، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ سمیت مختلف دستاویزات کی ڈیجیٹل تصدیق ممکن ہو سکے گی۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، چوہدری سالک حسین، شزہ فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت عون چوہدری، معاون خصوصی طارق باجوہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button