ڈی جی آئی ایس پی آر کی سمر کیمپ 2026 کے طلبہ سے خصوصی نشست، قومی سلامتی اور دہشت گردی پر آگاہی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے آئی ایس پی آر سمر کیمپ 2026 میں شریک طلبہ و طالبات سے خصوصی نشست کی، جس میں قومی سلامتی، دہشت گردی، اطلاعاتی جنگ اور پاکستان کو درپیش داخلی و بیرونی سکیورٹی چیلنجز پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سمر کیمپ 2026 میں ملک بھر کے 18 سے زائد شہروں سے نویں سے بارہویں جماعت کے 4 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات شریک ہیں، جنہیں مختلف تعلیمی اور آگاہی سیشنز کے ذریعے قومی امور سے روشناس کرایا جا رہا ہے۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ انہیں پاکستان کو درپیش داخلی اور بیرونی سکیورٹی چیلنجز کے بارے میں مؤثر آگاہی ملی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیشن کے دوران بلوچستان میں سرگرم "فتنہ الہندوستان” اور "فتنہ الخوارج” کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی اور ان کے مبینہ کردار پر روشنی ڈالی گئی۔

طلبہ و طالبات نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ دور میں غلط معلومات، جھوٹی خبروں اور پروپیگنڈے کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث عوام میں شعور اور درست معلومات کی فراہمی انتہائی ضروری ہے۔

شرکاء نے دہشت گردی کے خلاف قومی یکجہتی کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے پاک افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سمر کیمپ 2026 کا مقصد نوجوان نسل میں قومی شعور، ذمہ داری کا احساس اور قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے تاکہ وہ مستقبل میں ملک کی ترقی اور استحکام میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

مزید خبریں

Back to top button