بدین میں معمولی گھریلو تنازع خونریز تصادم میں بدل گیا، ایک جاں بحق، 15 زخمی

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ/ پی کے)بدین ضلع کے نواحی گاؤں بنگار میں چانڈیو برادری کے دو گروپوں میں خونریز تصادم، ایک جاں بحق، 15 زخمی، علاقے میں شدید کشیدگی تفصیل کے مطابق پنگریوپولیس اسٹیشن کی حدود گاؤں بنگار میں چانڈیو برادری کے دو گروپوں کے درمیان گھریلو تنازع پر شروع ہونے والا جھگڑا اچانک خونریز تصادم میں تبدیل ہوگیا، جس کے دوران دونوں فریقین کی جانب سے لاٹھیوں اور کلہاڑیوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا جبکہ فائرنگ کی بھی اطلاعات ہیں تصادم کے نتیجے میں دونوں جانب کے 16 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے شدید زخمی حنیف چانڈیو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال منتقل کیے جانے کے دوران دم توڑ گیا۔مقامی ذرائع کے مطابق بنگار میں چانڈیو برادری کے دو گروپوں کے درمیان ایک گھریلو معاملے پر تنازع پیدا ہوا، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی۔ دونوں جانب سے افراد ایک دوسرے کے آمنے سامنے آگئے اور تلخ کلامی کے بعد تصادم شروع ہوگیا۔ لڑائی کے دوران لاٹھیوں اور کلہاڑیوں سے ایک دوسرے پر حملے کیے گئے جبکہ فائرنگ کے باعث صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی۔ اچانک ہونے والے اس تصادم سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں تک محدود ہوگئے۔تصادم میں زخمی ہونے والے افراد کو مقامی افراد کی مدد سے فوری طور پر صحت مرکز پنگریو منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی طبی عملے کے مطابق متعدد زخمیوں کو جسم کے مختلف حصوں پر گہرے زخم آئے، جبکہ شدید زخمیوں کی تشویشناک حالت کے باعث انہیں مزید علاج کے لیے انڈس اسپتال بدین اور حیدرآباد ریفر کردیا گیا تصادم کےشدید زخمی حنیف چانڈیو کو بھی مزید علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا، تاہم وہ راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ حنیف چانڈیو کی ہلاکت کی اطلاع علاقے میں پہنچتے ہی کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگیا اور فریقین کے درمیان ممکنہ طور پر دوبارہ تصادم کے خدشات پیدا ہوگئے واقعے کی اطلاع ملتے ہی پنگریو سمیت دیگر تھانوں کی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ پولیس۔ حکام نے صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے علاقے میں بھاری نفری تعینات کردی اور فریقین کو مزید تصادم سے روکنے کے لیے اقدامات شروع کیے۔ پولیس اہلکاروں نے جائے وقوعہ اور اطراف کے علاقوں میں گشت بھی کیا تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جاسکے۔

پولیس کی جانب سے واقعے کی وجوہات اور تصادم میں فائرنگ سمیت دیگر پہلوؤں کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ پولیس اس بات کا بھی جائزہ لے رہی ہے کہ جھگڑا کس معاملے پر شروع ہوا اور تصادم کے دوران فائرنگ کس جانب سے کی گئی۔خونی تصادم کے بعد بنگار اور گردونواح کے علاقوں میں شدید کشیدگی برقرار ہے، جبکہ مزید تصادم کے خدشے کے باعث مقامی آبادی میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ مقامی معززین کا کہنا ہے کہ معمولی نوعیت کے تنازعات اگر بروقت حل نہ ہوں تو بڑے تصادم کا سبب بن سکتے ہیں، اس لیے انتظامیہ اور پولیس کو فوری طور پر دونوں فریقین کے درمیان کشیدگی ختم کرانے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں۔مقامی لوگوں نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ بدین سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس چوکی تعینات کی جائے، تصادم میں ملوث افراد کے خلاف غیرجانبدارانہ قانونی کارروائی کی جائے اور کسی بھی فریق کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہ دی جائے تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جاسکے۔واقع کے بعد پولیس نے صورتحال پر نظر رکھی ہوئی ہے جبکہ مزید کسی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے اہلکاروں کو چوکس کردیا گیا ہے پنگریو پولیس کے مطابق واقع کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیاگیااورفریقین کے مدعی آنے کے بعد مقدمات درج کیے جائیں گے

مزید خبریں

Back to top button