بدین میں پانی کی قلت برقرار،کاشتکارلاکھوں ایکڑ اراضی پر دھان کی فصل کاشت نہ کرسکے

بدین(رپورٹ:مرتضیٰ میمن/جانوڈاٹ پی کے)ضلع بدین میں پانی کی قلت برقرار رہنے کے باعث بدین، کڈھن، سیرانی سمیت پوری ساحلی پٹی میں پانی کا شدید بحران جاری ہے۔ اپریل میں ملنے والا دھان (ساریوں) کا پانی وفاقی اور سندھ حکومت کی جانب سے جون کے آخری ہفتے تک بھی فراہم نہ کیئے جانے کے سبب آبادکار ضلع کے لاکھوں ایکڑ رقبے پر دھان کی کاشت نہیں کر سکے متعدد علاقوں میں پینے کے پانی کا بحران بھی بدستور جاری ہے
بدین کی سب ڈویژن قاضیہ کی گنج بحر شاخ کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ انہیں ایک ماہ سے پینے کا پانی بھی میسر نہیں۔ زیرِ زمین پانی کڑوا ہونے کے باعث پانی کے تالاب خشک ہو چکے ہیں انسانوں کے علاوہ مویشی بھی پینے کے پانی کے لیے پریشان ہیں اور خراب پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں جس کے باعث جانوروں میں وبائی بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے محرم الحرام کے مہینے میں لوگ مویشی اور پرندے پانی کی شدید قلت سے دوچار ہیں رہائشیوں نے وزیراعلیٰ سندھ، کمشنر حیدرآباد، ڈپٹی کمشنر بدین اور محکمہ آبپاشی کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع بدین کی نہروں کے آخری سروں تک پانی کی فراہمی یقینی بنا کر پانی کی قلت ختم کی جائے اور عوام میں پائی جانے والی بے چینی دور کی جائے، بصورتِ دیگر ہزاروں رہائشی اور ان کا مویشی نقل مکانی پر مجبور ہو جائیں گے۔



