بدین میں دریائے سندھ سے مجوزہ نئے کینالوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

بدین(رپورٹ:مرتضیٰ میمن/جانوڈاٹ پی کے)سندھ یونائیٹڈ پارٹی کی مرکزی قیادت کی اپیل پر بدین میں دریائے سندھ سے مجوزہ نئے کینالوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔احتجاج میں پارٹی کارکنان، شہریوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر سندھو پر ڈاکہ نامنظور، تمام کینال نامنظور اور سندھ کے پانی پر ڈاکہ بند کرو جیسے نعرے درج تھے۔ شرکاء نے پرجوش نعرے بازی کرتے ہوئے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج ریکارڈ کرایا۔ مظاہرے کی قیادت سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے ضلعی صدر دانش نور سومرو، سید حیدر شاہ، اقراء انصاری، فاروق اکبر لونڈ اور ماجد انصاری اور دیگر نے کی . اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دریائے سندھ، سندھ کی زندگی، زراعت، معیشت اور ثقافت کا بنیادی سرچشمہ ہے، لہٰذا سندھ کے حصے کے پانی پر کسی بھی قسم کا ڈاکہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جلال پور کینال سمیت دریائے سندھ پر مجوزہ کوئی بھی نیا کینال سندھ کے عوام کو کسی صورت قبول نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان منصوبوں سے سندھ میں پہلے سے موجود پانی کی قلت مزید سنگین ہو جائے گی، جس کے منفی اثرات زراعت، پینے کے پانی، ماحولیات اور سندھ ڈیلٹا پر مرتب ہوں گے۔ رہنماؤں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ سندھ کے تحفظات کو سنجیدگی سے لیا جائے اور دریائے سندھ پر مجوزہ تمام کینال منصوبوں کو فوری طور پر مسترد کیا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر سندھ کے پانی پر ڈاکہ ڈالنے والی پالیسیوں کو واپس نہ لیا گیا تو سندھ یونائیٹڈ پارٹی عوام کے ساتھ مل کر اپنی جمہوری جدوجہد اور احتجاجی تحریک کو مزید تیز کرے گی

مزید خبریں

Back to top button