وزیرستان میں دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے کھوسکی کا فوجی جوان شہید

بدین(رپورٹ:مرتضیٰ میمن/جانوڈاٹ پی کے)وزیرستان میں دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے کھوسکی کا فوجی جوان شہید، علاقے میں سوگ کی فضا بدین کے نواحی شہر کھوسکی کے رہائشی پاک فوج کے جوان بلال کمبوہ وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔ شہادت کی باضابطہ اطلاع متعلقہ حکام کی جانب سے ورثاء کو دے دی گئی، جس کے بعد کھوسکی اور گردونواح میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی۔ شہادت کی اطلاع ملتے ہی بڑی تعداد میں اہلِ علاقہ، عزیز و اقارب، سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات شہید کے گھر پہنچ گئیں، جہاں انہوں نے والد قربان کمبوہ اور دیگر اہلِ خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ ہر آنکھ اشکبار تھی اور شہید کی وطن کے لیے دی گئی عظیم قربانی کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ شہید بلال کمبوہ کا جسدِ خاکی وزیرستان سے آبائی شہر کھوسکی لایا جا رہا تھا، جہاں سرکاری اعزاز کے ساتھ نمازِ جنازہ اور تدفین کی تیاریاں جاری تھیں۔ نمازِ جنازہ میں پاک فوج کے افسران، سول انتظامیہ، منتخب عوامی نمائندوں، معززینِ علاقہ اور شہریوں کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔ اہلِ علاقہ نے کہا کہ شہید بلال کمبوہ نے وطنِ عزیز کے دفاع، امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے شہداء کی لازوال قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور قوم اپنے بہادر سپوتوں کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کرے گی

مزید خبریں

Back to top button