کراچی: فلک ناز سوسائٹی کے گھر سے میاں بیوی، خاتون اور دو بچوں سمیت 5 لاشیں برآمد

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) شہر قائد کے علاقے بن قاسم کی فلک ناز سوسائٹی میں ایک گھر سے میاں بیوی، ایک خاتون اور دو کمسن بچوں سمیت پانچ افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے شواہد جمع کرلیے ہیں، جبکہ آئی جی سندھ نے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق پانچوں لاشیں گھر کے گراؤنڈ فلور پر واقع ایک کمرے سے ملیں۔ گھر اندر سے ایک بھاری چیز رکھ کر بند کیا گیا تھا۔ لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق جاں بحق افراد میں 30 سالہ شاہ زیب، ان کی 28 سالہ اہلیہ صبا، 20 سالہ شمائلہ اور دو کمسن بچے، 5 سالہ ایزل اور 3 سالہ آریہ شامل ہیں۔ ابتدائی طور پر واقعہ خودکشی کا معلوم ہوتا ہے، تاہم ہلاکتوں کی اصل وجوہات کا تعین تحقیقات کے بعد کیا جائے گا۔

واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ڈی آئی جی ایسٹ سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیتے ہوئے شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں تاکہ ہلاکتوں کی اصل وجوہات سامنے آسکیں۔

آئی جی سندھ نے متعلقہ حکام کو مزید ہدایت کی کہ تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت سے انہیں مسلسل آگاہ رکھا جائے اور تمام حقائق کی روشنی میں تفتیش کو آگے بڑھایا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button