سندھ ہائیکورٹ کا کے ڈی اے کو معذور افراد کا کوٹہ 3 ہفتوں میں نافذ کرنے کا حکم

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) سندھ ہائیکورٹ نے کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کو معذور افراد کا ملازمتوں میں کوٹہ تین ہفتوں کے اندر نافذ کرنے کا حکم دے دیا، عدالت نے واضح کیا ہے کہ معذور افراد کے قانونی حقوق کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔
سماعت کے دوران عدالت نے ہدایت کی کہ کے ڈی اے میں دستیاب اسامیوں پر معذور افراد کے کوٹے کا شفاف انداز میں نفاذ یقینی بنایا جائے اور بھرتیوں کے عمل میں متعلقہ قواعد و ضوابط پر عمل کیا جائے۔
معاملہ بینائی سے محروم بہن بھائی صائمہ اور مجتبیٰ کو ملازمتوں میں مستقل نہ کرنے سے متعلق ہے، جس پر چیف سیکریٹری سندھ اور ڈی جی کے ڈی اے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی تھی۔
سماعت کے دوران ڈی جی کے ڈی اے عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ ادارے میں معذور افراد کے کوٹے کے تحت بھرتیوں کا کوئی نظام موجود نہیں۔
درخواست گزاروں کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ کے مطابق، عدالت پہلے ہی معذور کوٹے کے تحت دونوں بہن بھائی کو مستقل کرنے کا حکم دے چکی تھی۔ دونوں کے ڈی اے میں کنٹریکٹ پر تعینات تھے اور تقریباً دو سے تین سال تک خدمات انجام دیتے رہے۔
وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ دونوں بہن بھائی کو معذور کوٹے کے تحت مستقل کرنے کے بجائے ان کے کنٹریکٹ بھی ختم کر دیے گئے، جس کے بعد عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ ہونے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی۔
سندھ ہائیکورٹ نے معاملے پر ہدایت کی کہ معذور افراد کے قانونی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور مقررہ تین ہفتوں میں کوٹے کے نفاذ کے لیے ضروری اقدامات مکمل کیے جائیں۔



