آسان ٹیکس سکیم: 15 اکتوبر کے بعد گوشوارے جمع کرانے والے تاجروں پر جرمانے عائد کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے آسان ٹیکس سکیم کے تحت 15 اکتوبر کے بعد انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والے تاجروں کے لیے جرمانے اور اضافی ادائیگیوں کا فیصلہ کیا ہے۔ ایف بی آر ذرائع کے مطابق مقررہ تاریخ گزرنے کے بعد گوشوارے جمع کرانے والے تاجروں کو رجسٹریشن کی مد میں 25 ہزار روپے اور جرمانے کی مد میں مزید 25 ہزار روپے ادا کرنا ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تاجروں کو رجسٹریشن اور ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کے لیے توسیع تو دی جائے گی، تاہم اس کے لیے جرمانے کی ادائیگی کرنا ہوگی۔ اس اقدام کا مقصد آسان ٹیکس سکیم کے تحت تاجروں کی رجسٹریشن اور ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کے عمل کو آگے بڑھانا ہے۔
ایف بی آر ذرائع کے مطابق سکیم کے تحت تاجروں کی رجسٹریشن اور گوشوارے جمع کرانے کی شرح توقعات سے کم رہی ہے۔ وزیر مملکت برائے خزانہ نے بھی اس حوالے سے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھرپور کوششوں کے باوجود آسان ٹیکس سکیم کے تحت 150 سے بھی کم نئے ٹیکس گوشوارے جمع ہوئے ہیں، جس کے باعث سکیم پر عمل درآمد میں مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری جانب مالی سال 2026 کے لیے اب تک ملک بھر میں تقریباً 66 لاکھ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرائے جاچکے ہیں، جبکہ 30 ستمبر 2026 تک یہ تعداد 58 لاکھ تھی۔
ایف بی آر ذرائع نے مزید بتایا کہ ایسے تنخواہ دار افراد جن کی آمدن کا واحد ذریعہ تنخواہ ہے، انہیں ایڈوانس انکم ٹیکس کی ادائیگی کے لیے نوٹس نہیں بھیجے جائیں گے۔ تاہم تنخواہ کے علاوہ دیگر ذرائع سے آمدن حاصل کرنے والے افراد سے قابلِ ایڈجسٹ ایڈوانس انکم ٹیکس وصول کیا جاسکتا ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے تاجروں کو آسان ٹیکس سکیم کے تحت رجسٹریشن اور انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی ترغیب دی جارہی ہے۔ تاہم ذرائع کے مطابق مقررہ تاریخ کے بعد گوشوارے جمع کرانے والے تاجروں کو رجسٹریشن فیس اور جرمانے کی مد میں اضافی رقم ادا کرنا پڑسکتی ہے۔



