لینڈنگ کے دوران طیارہ کریش،یوبی سوفٹ کے شریک بانی کلاڈ گیلمو چل بسے

فرانس (ویب ڈیسک) معروف ویڈیو گیم کمپنی یوبی سوفٹ کے شریک بانی کلاڈ گیلمو فرانس میں طیارہ حادثے کے دوران ہلاک ہو گئے۔
حکام کے مطابق دو انجن والے چھوٹے طیارے “سیسنا 421” کو مغربی فرانس کے ساحلی علاقے لا بول کے قریب لینڈنگ کے دوران حادثہ پیش آیا۔ طیارے میں کلاڈ گیلمو اور ایک تربیتی پائلٹ سوار تھے، دونوں موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔
مقامی حکام کا کہنا ہے کہ دونوں افراد تجربہ کار پائلٹس تھے اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
یوبی سوفٹ نے کلاڈ گیلمو کی وفات کی تصدیق کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا ہے، تاہم مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
کلاڈ گیلمو نے 1986 میں اپنے چار بھائیوں کے ساتھ مل کر اس کمپنی کی بنیاد رکھی تھی، جو بعد میں دنیا کی بڑی گیمنگ کمپنیوں میں شامل ہوئی۔ کمپنی نے “اساسنز کریڈ”، “جسٹ ڈانس” اور “ٹام کلینسی” جیسے عالمی شہرت یافتہ گیمز تیار کیے۔
ان کی وفات کو ویڈیو گیم انڈسٹری کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔



