پاکستان،قطراورمصر کی بڑی سفارتی کوشش،امریکااورایران کو10روزہ جنگ بندی کی پیشکش کردی

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکی ویب سائٹ ایگزیوس نے دعویٰ کیا ہے کہ قطر، پاکستان، مصر اور دیگر علاقائی ثالثوں نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کم کرنے کے لیے دونوں ممالک کو 10 روزہ جنگ بندی کی تجویز پیش کی ہے، تاہم تاحال کسی بھی فریق نے اس تجویز کو قبول نہیں کیا۔پہلا راستہ یہ ہے کہ محدود مدت کی 10 روزہ جنگ بندی پر اتفاق کیا جائے تاکہ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت بحال ہو سکے اور سفارتی مذاکرات کے لیے ماحول سازگار بنایا جا سکے۔دوسرا راستہ یہ بتایا گیا ہے کہ امریکا اسرائیل کے ساتھ مل کر ایران کے خلاف ایک بڑی فوجی کارروائی کرے تاکہ تہران پر مزید دباؤ ڈال کر اسے اپنی شرائط تسلیم کرنے پر مجبور کیا جا سکے۔صدر ٹرمپ نے ابھی تک کسی ایک آپشن پر حتمی فیصلہ نہیں کیا تاہم امریکی حکام کا خیال ہے کہ آئندہ چند دن اس بات کا تعین کریں گے کہ واشنگٹن کس حکمت عملی کو اختیار کرتا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ثالثی کی کوششوں سے آگاہ دو علاقائی ذرائع نے بتایا کہ قطر، پاکستان، مصر اور دیگر ممالک نے دونوں فریقوں کے سامنے10 روزہ جنگ بندی کی تجویز رکھی ہے، جس کا مقصد کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کی بحالی ہے۔امریکی حکام کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ اس تجویز کا جائزہ لے رہی ہے، لیکن ابھی تک نہ امریکا اور نہ ہی ایران نے اس پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک جنگ بندی سے پہلے اپنی عسکری پوزیشن مضبوط کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق مسلسل کئی روز کی فوجی کارروائیوں کے باوجود امریکا اور اسرائیل ایران کے آبنائے ہرمز پر اثر و رسوخ کو ختم کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے، جس کے باعث جنگ مزید پیچیدہ ہوتی جا رہی ہے۔ادھر امریکا میں پٹرول کی قیمتوں میں دوبارہ اضافے کے باعث اندرونِ ملک بھی جنگ کے خلاف ردعمل بڑھنے لگا ہے، جس سے ٹرمپ انتظامیہ پر سیاسی دباؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے۔



