چین میں ایسا سپر کولنگ پینٹ تیار، اے سی کے بغیر گھر ٹھنڈا رکھنے کا دعویٰ

بیجنگ(جانو ڈاٹ پی کے)چین کے سائنسدانوں نے ایسا جدید سپر کولنگ پینٹ تیار کرلیا ہے جس کے بارے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ شدید گرمی میں عمارتوں کے اندرونی درجہ حرارت کو تقریباً 25 ڈگری سینٹی گریڈ تک برقرار رکھنے میں مدد دے سکتا ہے، جس سے ایئرکنڈیشنر پر انحصار کم ہونے کی توقع ہے۔

رپورٹس کے مطابق اس خصوصی پینٹ کی حقیقی ماحول میں تقریباً 6 ماہ تک آزمائش صوبہ ہینان کے ایک کارخانے میں کی گئی، جہاں شدید گرمی کے دوران عمارت کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے روایتی طور پر واٹر اسپرنکلر سسٹمز استعمال کیے جاتے تھے۔

نئی کوٹنگ میں ریڈی ایٹیو کولنگ ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے، جس کے ذریعے سورج کی تابکاری کے ایک بڑے حصے کو واپس منعکس کیا جاتا ہے اور عمارت سے حرارت خارج ہونے میں مدد ملتی ہے۔ اس عمل کے لیے روایتی کولنگ سسٹمز کی طرح بجلی یا کولنگ ایجنٹس کی ضرورت نہیں ہوتی۔

ماہرین کے مطابق اس ٹیکنالوجی کو گھروں کے علاوہ عوامی انفرااسٹرکچر اور دیگر عمارتوں پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے، جبکہ شدید ہیٹ ویوز کے دوران بھی اندرونی درجہ حرارت کو نسبتاً محفوظ سطح پر رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔

یہ سپر کولنگ پینٹ چائنا کنسٹرکشن ایکو ڈویلپمنٹ کمپنی اور ہربن انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے ماہرین نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس پینٹ کی سالانہ تقریباً 6 لاکھ ٹن پیداوار کا منصوبہ بھی بنایا گیا ہے، جبکہ محققین کا اندازہ ہے کہ اس کوٹنگ کی اوسط مؤثر مدت تقریباً 15 سال تک ہوسکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر یہ ٹیکنالوجی بڑے پیمانے پر کامیاب ثابت ہوتی ہے تو گرم علاقوں میں عمارتوں کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے توانائی کے استعمال اور ایئرکنڈیشننگ پر انحصار کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button