چین نے ٹرمپ کے انتخابی مداخلت کے الزامات مسترد کر دیے

بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک) چین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے انتخابی مداخلت کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے، جبکہ امریکا اور ایران پر زور دیا ہے کہ وہ کشیدگی کم کرتے ہوئے مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد اور مذاکرات کا راستہ اختیار کریں۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ چین کو امریکی انتخابات میں مداخلت کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں اور صدر ٹرمپ کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین کے خلاف ایسے الزامات دراصل اسے بدنام کرنے کی کوشش ہیں، جبکہ امریکا کو اپنے داخلی انتخابی معاملات میں چین کو موضوع بنانے سے گریز کرنا چاہیے۔

لین جیان نے امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی پر بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک مفاہمتی یادداشت پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں اور تمام تنازعات کا حل مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے تلاش کریں۔

ترجمان کے مطابق خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے سفارت کاری ہی واحد مؤثر راستہ ہے، اس لیے تمام فریقین کو تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشیدگی میں کمی لانے کے لیے عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تنازعات کے حل کے لیے بات چیت، باہمی احترام اور سیاسی سفارت کاری ہی دیرپا امن کی ضمانت فراہم کر سکتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button