چین کا امریکا اور ایران سے آبنائے ہرمز میں محفوظ جہازرانی بحال کرنے کا مطالبہ


بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) چین نے امریکا اور ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں معمول کے مطابق محفوظ اور آزاد بحری آمدورفت فوری بحال کی جائے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے پریس بریفنگ میں کہا کہ خلیجی خطے میں بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی پر بیجنگ کو گہری تشویش ہے، تمام فریقین تحمل کا مظاہرہ کریں اور جنگ بندی کو برقرار رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی نئی کشیدگی کے نتیجے میں بے گناہ شہریوں کو مزید نقصان پہنچ سکتا ہے، جبکہ آبنائے ہرمز سے ملحقہ ممالک کے جائز حقوق اور مفادات کا احترام کیا جانا چاہیے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز میں محفوظ اور آزاد جہازرانی کی بحالی عالمی برادری کی مشترکہ خواہش ہے، تمام فریقین کو مذاکرات اور تعاون کے ذریعے تنازع کا حل تلاش کرنا چاہیے۔
لین جیان نے زور دیا کہ علاقائی امن و استحکام کے لیے کشیدگی کم کرنا اور سفارتی راستہ اختیار کرنا ہی بہترین حل ہے۔