ایران کارگو جہاز واقعہ: چین کا امریکا سے محتاط ردعمل، مذاکرات میں ذمہ داری پر زور

بیجنگ(ویب ڈیسک) چین کی وزارتِ خارجہ نے امریکا کی جانب سے خلیج عمان میں ایرانی کارگو جہاز کو روکنے کے واقعے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق اس نوعیت کے اقدامات خطے میں پہلے سے موجود کشیدگی کو مزید بڑھا سکتے ہیں، جبکہ موجودہ صورتحال ایک “انتہائی نازک مرحلے” میں داخل ہو چکی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ چین امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکراتی عمل میں تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا اور امید ہے کہ تمام فریقین جنگ بندی کو مدنظر رکھتے ہوئے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے۔
چین نے زور دیا کہ بحری راستوں کی حفاظت اور عالمی تجارت کا تسلسل خطے کے استحکام کیلئے انتہائی اہم ہے، اس لیے ہر فریق کو تحمل سے کام لینا چاہیے۔
ماہرین کے مطابق چین کا یہ مؤقف اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ بیجنگ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے اور سفارتی حل کی حمایت جاری رکھے گا۔



