زیلنسکی کا بیان کشیدگی بڑھانے کی ایک اور کوشش ہے، پیسکوف

ماسکو (جانوڈاٹ پی کے\مانیٹرنگ ڈیسک) روسی صدارتی ترجمان دیمتری پیسکوف نے کہا ہے کہ توانائی کی تنصیبات پر حملوں کے جواب میں کارروائی سے متعلق یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی کا تازہ بیان کشیدگی میں اضافے کی ایک اور کوشش ہے۔
روسی ٹی وی چینل ویستی کے صحافی پاویل زاروبن سے گفتگو کرتے ہوئے دیمتری پیسکوف نے کہا کہ زیلنسکی کا حالیہ بیان بھی اشتعال انگیز طرز عمل کے تسلسل کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوکرینی صدر نے اس سے قبل صحافی فرید زکریا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں توانائی کی تنصیبات پر حملوں کے جواب میں کارروائی سے متعلق بیان دیا تھا۔
کریملن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ روس اور اس کی معیشت کو تباہ کن نقصان پہنچانے کے لیے مبینہ 40 روزہ منصوبے کا پہلے بھی کئی مرتبہ ذکر کیا جا چکا ہے۔
دیمتری پیسکوف نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ خود کشیدگی بڑھانے کی جانب ایک سنگین قدم تھا، جبکہ زیلنسکی کا تازہ بیان بھی اسی اشتعال انگیز سلسلے کو آگے بڑھا رہا ہے۔



