روس کا یوکرین پولینڈ سرحد کے قریب مسافر ٹرین پر ڈرون حملہ، مسافر محفوظ

کیف (جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) روس نے یوکرین اور پولینڈ کی سرحد کے قریب ایک مسافر ٹرین کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا، تاہم بروقت انخلا کے باعث تمام مسافر محفوظ رہے اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

یوکرین کے ریلوے حکام کے مطابق روسی ڈرون نے پولینڈ کی سرحد سے تقریباً 2 کلومیٹر دور مسافر ٹرین کو نشانہ بنایا۔ یہ ریلوے روٹ کیف سے یورپ جانے والے غیر ملکی سفارتی وفود کے لیے بھی کثرت سے استعمال کیا جاتا ہے۔

حکام کے مطابق حملے سے چند منٹ قبل سابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن، سابق سوئیڈش وزیراعظم کارل بلڈٹ اور دیگر یورپی شخصیات اسی ریلوے لائن پر سفر کرنے والی ایک سفارتی ٹرین کے ذریعے یورپ روانہ ہوئی تھیں۔

نشانہ بننے والی مسافر ٹرین سفارتی ٹرین کے چند منٹ بعد سرحدی کراسنگ کی جانب روانہ ہوئی تھی۔ ڈرون کے قریب پہنچنے پر ٹرین کو فوری طور پر خالی کرا لیا گیا، جس کے باعث تمام مسافر محفوظ رہے۔

یوکرینی ریلوے آپریٹر نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ممکنہ طور پر روسی ڈرون کا اصل ہدف سفارتی ٹرین تھی۔ حکام کے مطابق روسی حملوں کے مسلسل خطرے کے باعث سفارتی ٹرین کے شیڈول میں اچانک تبدیلی کی گئی تھی اور اسے معمول سے پہلے روانہ کیا گیا تھا۔

مزید خبریں

Back to top button