ایران نے جنگ شروع نہیں کی، امریکی و اسرائیلی جارحیت کے خلاف دفاع پر مجبور ہوئے، پزشکیان

تہران (جانوڈاٹ پی کے\مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران نے جنگ کا آغاز نہیں کیا بلکہ امریکا اور اسرائیل کی جارحیت کے خلاف دفاع کرنے پر مجبور ہوا۔
ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق بھارتی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے مسعود پزشکیان نے امریکی اور اسرائیلی حملوں کو بین الاقوامی قوانین اور انسانی اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حملوں کے باوجود ایرانی قوم مزید متحد ہوگئی ہے۔
ایرانی صدر نے ایران کے جوہری پروگرام پر امریکا اور اسرائیل کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایران جوہری ہتھیار بنانے یا حاصل کرنے کی کوشش نہیں کر رہا۔
مسعود پزشکیان نے دعویٰ کیا کہ امریکا اور اسرائیل نے مذاکرات کے دوران ایران پر حملہ کیا، حالانکہ تہران معاہدے کے قریب پہنچ چکا تھا۔ ایران نے ایک فریم ورک پر اتفاق کیا تھا، تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسے مسترد کردیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، پاکستان، قطر، روس اور چین سمیت ہمسایہ اور دیگر ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہیں۔ ایرانی صدر کے مطابق خطے میں امریکی فوجی اڈوں کی موجودگی بنیادی مسئلہ ہے اور علاقائی کشیدگی کی ایک اہم وجہ بھی یہی ہے۔



